لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں، ترجمان

January 19, 2022

عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کی ترجمان نے گلوکارہ کے حوالے سے پریشان کن جھوٹی خبروں کی تردید کی ہے۔

92 سالہ گلوکارہ کافی دن سے آئی سی یو میں ہیں، گلوکارہ میں کورونا وائرس اور نمونیا دونوں کی تشخیص ہوئی تھی۔

گزشتہ روز بھارتی میڈیا میں لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے پریشان کن خبریں سامنے آئی تھیں کہ گلوکارہ کی حالت زیادہ خراب ہے۔

یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ لتا منگیشکر کی صحت بگڑ گئی ہے اور اُن کے صحت یاب ہونے کے کوئی آثار نہیں ہیں۔

اس خبر سے ان کے مداحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور وہ ان خبروں کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع ہوگئے تھے۔

اب ایسی تمام خبروں کی تردید اُن کی ترجمان نے کی ہے، ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’جھوٹی خبروں کو پھیلتے دیکھنا پریشان کن ہے، لتا دیدی کی حالت مستحکم ہے، وہ اب بھی قابل ڈاکٹروں کے زیر علاج آئی سی یو میں ہیں۔ برائے مہربانی ان کی جلد گھر واپسی کے لیے دعا کریں۔‘