شو نے گانے ’تو جھوم‘ کی موسیقی چرانے کے الزام کو مسترد کردیا

January 20, 2022

کراچی(جنگ نیوز) کوک اسٹوڈیو نے عمر کوٹ کی گلوکارہ نرملا منگھانی کی جانب سے اپنے 14 ویں سیزن کے پہلےگانے ’تو جھوم‘ کی موسیقی چرانے کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔شونے اپنے دعویٰ کا ویڈیو ثبوت بھی پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں واٹس ایپ اسکرین ریکارڈنگ شیئر کرتے ہوئے شو نے دعویٰ کیا کہ نرملا کے مبینہ زلفی کے ساتھ ڈیمو سے ایک ماہ قبل سیزن کے پروڈیوسر زلفی اور ایسوسی ایٹ پروڈیوسر عبداللہ صدیقی نے مئی میں اس گانے پر کام شروع کردیا تھا۔خیال رہے کہ سندھی گلوکارہ نرملا منگھانی نے گزشتہ دنوں دعویٰ کیا کہ موسیقی کی طرز میری اپنی ہے، میں نے جون 2021 میں یہ گانا اور اس کی کمپوزیشن کوک اسٹوڈیو میوزک پرڈیوسر ذوالفقار کو بھیجی تھی۔نرملا نے کہا کہ شاعری تبدیل کرکے گانا بنا دیا گیا جو انصافی ہے، میرے پاس بات چیت کے تمام ثبوت موجود ہیں، جلد قانونی کارروائی کروں گی۔ نرملا منگھانی نے کہا کہ میں کسی رقم کا تقاضا نہیں کر رہی، یہ چاہتی ہوں کہ موسیقی کا کریڈٹ مجھے دیا جائے۔یاد رہے 14 جنوری کو کوک اسٹوڈیو نے 14ویں سیزن کا آغاز کیا جس میں صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لال کے کلام ’’تو جھوم‘‘ نے لوگوں پر سحر طاری کردیا۔عابدہ پروین اور نصیبو لال کے کلام کو انٹرنیٹ پر صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی عابدہ پروین اور نصیبو لال کا کلام ’’تو جھوم‘‘ ٹاپ ٹرینڈ پر رہا۔