جرائم پیشہ عناصر کیخلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں، ڈی پی او

January 20, 2022

پشاور(جنگ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم ارباب شفیع اللہ نے تورسہ چیک پوسٹ، گاؤں پیواڑ، گیدو چیک پوسٹ،سید محمود چیک پوسٹ دیگر مختلف چیک پوسٹوں کا دورہ کرتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کا از خود تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او کرم نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں اور علاقائی مشران سے ملاقات کی ۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے جامع احتیاطی تدابیر کے حوالے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت چوکنا رہتے ہوئے اپنے پیشہ ورانہ فرائض منصبی ایمانداری سے سر انجام دیں۔ علاقے میں امن وآمان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ علاقے کے امن وآمان میں بگاڑ اور رخنہ ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔علاقائی مشران اور تمام مکاتب فکر کے افراد کو اعتماد میں لیکر کسی بھی مسئلے کو امن و آمان کی صورتحال خراب ہونے سے پہلے حل کرنے کی کوشش کریں ۔جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلا امتیاز قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں۔اس موقع پر ڈی ایس پی اپر کرم نجف علی آر آر ایف کے انچارج اے ایس آئی اقرار حسین، پی پی آئی تورسہ چیک پوسٹ مہدی حسین اور پی پی آئی گیدو چیک پوسٹ نیک نام بھی موجود تھے۔