اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہلکار بھی کورونا کا شکار

January 21, 2022

—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک عدالتی اہلکار کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت کے ریڈر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس صورتِ حال کے بعد چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کے کورٹ روم میں ڈس انفیکشن اسپرے کرا دیا گیا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی شرح بڑھ کر 13 فیصد کے قریب ہو گئی


ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کورٹ روم کے باہر بھی ڈس انفیکشن اسپرے کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کی ضلع کچہری میں 15 ججز اور 58 عدالتی اہلکاروں کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔

ضلع کچہری ویسٹ کورٹس میں 10 ججز اور 29 اہلکار جبکہ ایسٹ کورٹس میں بھی5 ججز اور 29 اہلکار کورونا کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد عدالتیں بند کر دی گئی ہیں۔

عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتوں میں ڈس انفیکشن اسپرے کرایا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 15 ہزار 47 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 971 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 678 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 23 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 814 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 93 فیصد پر آ گئی۔

ملک بھر میں اب تک 29 ہزار 65 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 53 ہزار 479 ہو چکی ہے۔