مری میں شدید برفباری کی پیشگوئی، الرٹ جاری

January 21, 2022


محکمہ موسمیات نے جمعے کی رات سے پیر کی صبح تک مری میں شدید برفباری کی پیشگوئی کردی ہے، ضلعی پولیس کی جانب سے ٹریفک ایڈوائزری الرٹ جاری کرکے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

سی ٹی او راولپنڈی وسیم ریاض کا کہنا ہے کہ مری میں 8 ہزارسے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی،شام 5 سے صبح 5 بجے تک سیاحوں کے مری میں داخلے پر پابندی ہوگی،مری کے داخلی راستوں پرخصوصی چیکنگ پکٹس قائم کی گئی ہیں۔

سی ٹی او نے بتایا کہ مکینیکلی فٹ گاڑی اور لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو ہی مری جانے کی اجازت ہوگی،جبکہ مری آنے والے سیاح موسم کی شدت اور رش کی صورتحال کو مدنظر رکھیں، گاڑی میں اضافی گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ضرور رکھیں۔

سی ٹی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ گاڑی میں ہیٹرکے استعمال اور شیشوں کو مکمل بند کرنے سے کاربن مونو آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے، دوران برفباری گاڑی خراب ہونے یا برف میں پھنسنے پر گاڑی میں رات گزارنے سے اجتناب کریں۔

اس کے علاوہ دوران برفباری سلپری روڈ ہونے کے باعث گاڑیوں کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں، برف ہٹانے والی مشینوں کو فوری راستہ دیں۔

وسیم ریاض نے کہا کہ مری میں تقریباً 3500 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے،برفباری کے دوران روڈ کے سائیڈ پر گاڑی کھڑی کرنے سے گریز کریں،تنگ روڈ پر گاڑی کھڑی کرکے سیلفیاں بنانے سے گریز کیا جائے جبکہ سیاح ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر اپنی گاڑی میں مکمل ٹول کٹ رکھیں۔