اسلام آباد کے 12 تعلیمی اداروں میں کورونا کے 50 کیس رپورٹ

January 21, 2022

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بارہ تعلیمی اداروں میں کورونا کے 50 نئے کیس رپورٹ ہوگئے۔

ڈی ایچ او نے کورونا کیسز والے تمام تعلیمی ادارے فوری بند کرنے کیلیے انتظامیہ کو خط لکھ دیا۔

او پی ایف گرلز کالج ایف ایٹ ٹو میں 18 جب کہ ماڈل کالج فار گرلز آئی ٹین فورمیں 9 کیس رپورٹ ہوئے۔

ایک ہفتے میں اسلام آباد کے 35 تعلیمی اداروں میں کورونا کے 100 سے زائد کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کی زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ضلعی صحت اور تعلیم حکام صوبائی انتظامیہ سے مل کر بندش کا تعین کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ تشویش ناک حد تک پہنچ چکا ہے، پانچ لہروں کے دوران آج وبا کا بدترین دن رہا۔

24 گھنٹوں میں ریکارڈ 7 ہزار 600 سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ شرح 13 فیصد کے قریب جاپہنچی ہیں۔

کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے، ایک دن میں 23 مریض انتقال کرگئے ہیں۔