برطانیہ لوئر لیگ حیثیت کی طرف بڑھ رہا ہے، ٹونی بلیئر

January 22, 2022

راچڈیل( نمائندہ جنگ) برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ لوئر لیگ کی حیثیت کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ بورس جانسن کے پاس ملک کے طویل مدتی مستقبل کے لیے مربوط حکمت عملی نہیں ہے، عالمی سطح پر برطانیہ کا موقف اس وقت تک کھسکتا رہے گا جب تک ملک کی حکمرانی اور اس کی سیاست میں بنیادی تبدیلی نہیں آتی، وزیراعظم بورسجانسن شاید پارٹی اسکینڈل پر نہ جائیں مگر برطانیہ کے لیے اصل مسئلہ ملک کے مستقبل کے لیے حکومتی منصوبے کی عدم موجودگی ہے، ٹونی بلیئر نے ملک کو درپیش اسٹریٹجک چیلنجز کی تین اہم باتوں پر روشنی ڈالی انہوں نے بریگزٹ، تکنیکی ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں ہونے والی تبدیلیوں کے تین انقلابات کو توجہ کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان میں سے کسی سے بھی نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار نہیں ہے، یہ تبصرے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کی طرف سے اس وقت کیے گئے جب انہوں نے اپنی نائٹ ہڈ پر شدید ردعمل کے بعد اپنی پہلی تقریر کی ہے، عراق جنگ میں سابق وزیر اعظم کے کردار کی وجہ سے 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے نئے سال کے اعزاز کو منسوخ کرنے کی درخواست پر دستخط کیے، اس ماہ کے اوائل میں شائع ہونے والے یو گو سروے میں پتا چلا ہے کہ 63 فیصد برطانویوں نے نائٹ ہڈ کو ناپسند کیا جب کہ 14 فیصد نے منظوری دی ،ٹونی بلیئر نے امپیریل کالج لندن میں انسٹی ٹیوٹ آف گلوبل ہیلتھ انوویشن کے زیر اہتمام ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیک وقت تین انقلابی تبدیلیوں سے گزر رہے ہیں اور ان میں سے کسی کے لیے بھی تیار نہیں ہیں،برطانیہ کی حکمرانی میں ایک سوراخ ہے۔