IAPJ دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں کررہی ہے،چوہدری سرور

January 22, 2022

برسلز(عظیم ڈار) انٹرنیشنل ایسوسی ایشن پاکستانی جرنلسٹس کی جانب سے نئے سال کی آمد پر پہلی آن لائن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیرون ممالک مقیم صحافیوں کی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن پاکستانی جرنلسٹس کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم پلیٹ فارم ہے جہاں پر دنیا بھر میں مقیم پاکستانی صحافی جمع ہیں اور صحافتی امور کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ نمایاں کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ وہ اوورسیز پاکستانی صحافیوں کے کردار سے بخوبی واقف ہیں جنہوں نے ہمیشہ دیار غیر میں رہتے ہوئے جہاں اپنی کمیونٹی کی سرگرمیوں کو نمایاں کرکے ان کی خدمت کی ہے وہیں پاکستان کی سفارتکاری کے فروغ اور مختلف موضوعات پر پاکستان کے موقف کو بھی بہتر انداز میں عالمی برادری تک پہنچایا ہے جس کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ گورنر ہائوس پنجاب کے دروازے جہاں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے کھلے ہیں وہیں دنیا بھر میں مقیم پاکستانی صحافیوں کو بھی خوش آمدید کہا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے اور ہر سال نمایاں کارکردگی کے حامل صحافیوں کو تعریفی ایوارڈ کے لئے نامزد کرے جنہیں گورنر ہاؤس میں اعزاز کے ساتھ تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ آن لائن کانفرنس سے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن پاکستانی جرنلسٹس کے وسیم چوہدری، شاہد چوہان،خرم شہزاد، مہوش ظفرسمیت دیگر نے تنظیم کےاغراض و مقاصد کو بیان کیا اور بتایا کہ IAPJ پوری دنیا میں مقیم پاکستانی صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو صحافی برادری کے تخفظ کےلیے برسرپیکار ہے اور تنظیمی ڈھانچے کے طور پر کام کر رہی ہے جس میں ورکنگ جرنلسٹس اپنے صحافتی امور کو بخوبی احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں، ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ دنیا بھر سے پاکستان کے تعلقات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرکے پل کا کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم صحافی پہلے سے زیادہ متحرک ہوئے ہیں اس کے علاوہ IAPJ کا مقصد صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوششیں کرنا ہے اور جس طرح گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مسائل کے حل کے علاوہ حکومتی سطح پر صحافیوں کے کردار کو سراہے جانے کی یقین دہانی کروائی ہے اس سے یقینی طور پر بہتری آئے گی اور صحافی برادری مزید بہتر انداز میں کام کر سکے گی۔ آن لائن کانفرنس میں تلاوت و نعت شریف کی سعادت وسیم بٹ نے حاصل کی جب کہ عرفان صدیقی اور حافظ عمران سمیت دیگر صحافیوں کی جانب سے کیے گئے سوالات کے گورنر پنجاب نے جوابات دئیے۔پروگرام میں دنیا بھر کے 30ممالک سے صحافیوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وسیم چوہدری،مہوش ظفر،شاہد چوہان،عقیل قادر،رانا عظیم،حافظ عمران،عرفان صدیقی،شاہد گھمن،امتنان کاکاخیل،محمد عرفان شفیق،مقدس مجید،خالد چوہدری،فرید انصاری، وقار خان،اکرم باجوہ،وسیم بٹ،الیاس رحیم،اجمل حسین،جواد عظیمی،کرن خان،ریاض بلوچ،ضیاء سید اور عظیم ڈار نے شرکت کی اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کے ساتھ تعارفی نشست کے دوران اوورسیز کمیونٹی کی سرگرمیوں اور مسائل پر گفتگو کی۔