ناروے :کورونا پھیلائو میں اضافہ، سیکڑوں نئے کیس رپورٹ

January 22, 2022

اوسلو(ناصراکبر) ناروے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 877 کورونا کیسز رجسٹرڈ ہوئے ،یہ گزشتہ ہفتے کے اسی دن کے مقابلے میں 5280 اور گزشتہ روز کے مقابلے میں 890 زیادہ ہے، پچھلے سات دن میں اوسطاً 12529 کورونا انفیکشن رجسٹرڈہوئے، سات دن پہلے کی اوسط 7888 تھی اس حوالے سے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔اس وقت ہسپتالوںمیں 70 مریض انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہیں اور 51 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ پبلک ہیلتھ کے مطابق ناروے میں اب تک 571655 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق ناروے میں مارچ 2020 سے اب تک مجموعی طور پر 1413 کورونا سے متاثرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اسسٹنٹ ہیلتھ ڈائریکٹر ایسپین نکسٹڈ بھی کورونا کا شکار ہو گئےہیں۔اسسٹنٹ ہیلتھ ڈائریکٹر ایسپین نکسٹڈ نے مقامی نارویجن چینل کو ایک پیغام میں لکھا کہ میرے بچے اسکول میں متاثر ہوئے تھے اور اس لیے میں ٹیسٹ کے نتائج سے حیران نہیں ہوں۔