زرغون ہائوسنگ اسکیم کی گیسی فیکیشن، کیو ڈی اے حکام نے رقم فراہمی سے ہاتھ کھڑے کردیے

January 22, 2022

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے ایک وفدنے صدر عبداللہ کاکڑ کی قیادت میں کیو ڈی اے حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری کیو ڈی اے اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اسکیم گیس اور پانی سمیت دیگر مسائل پر بات ہوئی۔ ایسوسی ایشن کے صدر عبداللہ کاکڑ نے ڈی جی کیو ڈی اے کو گیسی فیکیشن کی مد میں اخراجات کا تخمینہ سات کروڑ سے بڑھتے بڑھتے 21 کروڑ تک پہنچ جانے کے محرکات سے آگاہ کیا۔ کیو ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ جب پی سی ون بنا تھا تو اس میں گیسی فیکیشن کا تخمینہ 7 کروڑ روپے ظاہر کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اب کیو ڈی اے کے پاس کوئی پیسہ نہیں اور ان کاادارہ اس مد میں گیس کمپنی کو کوئی بھی رقم ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ ایسوسی ایشن کے استفسار پر کیو ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ اگر ایسوسی ایشن کہے تو وہ حکومت کو خط لکھ دیتے ہیں۔ تاہم ملاقات میں طے پایا کہ ایسوسی ایشن پہلے وزیر اعلیٰ اور گورنر بلوچستان سے ملاقات کریگی اور ان سے گیسی فیکیشن کیلئے رقم فراہمی کی درخواست کرے گی۔ ڈی جی کیو ڈی اے کا موقف تھا کہ گیسی فیکیشن کی رقم بہت بڑی رقم ہے ہم جلد جنرل باڈی کااجلاس طلب کرینگے جس میں اس بات پر غور کیا جائے گاکہ یہ رقم کہاں سے عارضی طور پر دی جائے۔ان کا موقف تھا کہ ان کے ادارے کے پاس دو آپشن ہیں ،ایک تو یہ کہ گیسی فیکشن کا سارا خرچہ الاٹیز پر ڈالا جائے اور دوسرا یہ کہ آدھی رقم کیو ڈی اے اور آدھی الاٹیز برداشت کریں اور الاٹیز سے یہ رقم پلاٹ کے ٹرانسفر یا قبضے دینے کے وقت وصول کی جائے۔ ڈی جی کیو ڈی اے نے کہا کہ سیکورٹی وال اور چوکیداروں کا مسئلہ پہلے حل کیا جائے گا۔ اسکیم کے فرنٹ پر دکانوں کا کیس نیب میں ہے ۔اس لیے فی الوقت وہاں پر خار دار تار لگانے، چوکیداروں کو فعال کرنے اور پانی کا مسئلہ حل کرنے پر توجہ دی جائے گی ۔ ایسوسی ایشن نے ان سے درخواست کی کہ جنرل باڈی کی میٹنگ جلد از جلد بلائی جائے۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کا موقف تھا کہ زرغون کا پیسہ زرغون میں ہی لگایا جائے تو اسکیم کے مسائل پر آسانی سے قابو پایا جا سکتا ہے لیکن کیو ڈی حکام کے پاس غالباً ایسا کوئی ریکارڈ موجود نہیں یا پھر انہوں نے اسے ایسوسی ایشن کیساتھ شئیر کرنے سے اجتناب کیا۔