امیتابھ بچن نے نئے پُرانے تمام بالی ووڈ اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا

January 22, 2022

بِگ بی کے نام سے مشہور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے مقبولیت کی دوڑ میں بالی ووڈ کے تمام نئے پُرانے اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

انڈیا ٹوڈے کے ذریعے کئے گئے ’موڈ آف دی نیشن‘ سروے کے مطابق تجربہ کار اداکار امیتابھ بچن بھارت کے نمبر 1 ہیرو بن گئے ہیں، امیتابھ بچن نے 30 اعشاریہ 6 فیصد ووٹ حاصل کرکے بالی ووڈ کے تمام نامور اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سروے کے مطابق اکشے کمار 12 فیصد ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ سلمان خان اور شاہ رخ خان بالترتیب 7 فیصد اور 5.2 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔

’موڈ آف دی نیشن‘ سروے کے مطابق تامل اداکار رجنی کانت 3.9 فیصد ووٹ حاصل کرکے پانچویں نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن بالی ووڈ کے اُن مصروف ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بھی اپنا کام جاری رکھا اور اپنے مقبول ترین شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 13 کی میزبانی کی۔

امیتابھ بچن آخری بار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’چہرے‘ میں نظر آئے تھے جب فلم کی ڈیجیٹل ریلیز ہوئی تھی۔ اب اُن کے پاس فلموں کی ایک دلچسپ لائن اپ ہے۔

دوسرے نمبر پر اکشے کمار ہیں جو سالانہ سب سے زیادہ فلمیں کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اُنہوں نے اپنی فلموں ’بیل باٹم‘ اور ’سوریا ونشی‘ کے ساتھ سینما گھروں کو بحال کیا، وہ اگلی فلم پرتھوی راج میں نظر آئیں گے۔