نور بخاری اپنا اشتہار اب تک نشر کرنے پر برہم

January 22, 2022

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے اُن کا اشتہار ٹی وی پر اب تک نشر کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں نور بخاری نے کہا کہ ’میں نے 5 سال قبل ایک بیوٹی کریم کے اشتہار میں کام کیا تھا جوکہ میری اجازت کے بغیر اب تک ٹی وی نشر کیا جارہا ہے۔‘

نور بخاری نے کہا کہ ’میں اب حجاب کرتی ہوں اور اس طرح میرا پُرانا اشتہار ٹی وی پر نشر کرنا اچھی بات نہیں ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’عام طور پر کسی بھی اشتہار کو کنٹریکٹ ایک سال کا ہوتا ہے جس کے لحاظ سے یہ کنٹریکٹ بھی ختم ہوچکا ہے۔‘

نور بخاری نے مزید کہا کہ ’میں نے اب اپنی ساری زندگی اللّہ اور اُس کے دین کے لیے وقف کردی ہے لہٰذا براہِ کرم یہ اشتہار نشر کرنا بند کریں۔‘

واضح رہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر نور بخاری گزشتہ کئی عرصے سے اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کررہی ہیں۔