’ڈومین‘ کیلئے نام انتخاب کیسے کیا جائے؟

January 24, 2022

کسی بھی کاروباری ویب سائٹ کے ڈومین کے لیے نام کا انتخاب بھی سوچ بچار اور تحقیق کے بعد رکھنا چاہیے کیونکہ ایک ناقص انتخاب کاروبار کے لیے ایسے مسائل پیدا کر سکتا ہے جو آپ کے صارفین کے ساتھ تعلقات پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ کاروبار میں ڈومین نام ہمیشہ کمپنی کے برانڈ سے منسلک ہوتا ہے اور یہ کمپنی کے پہلے تاثر کے حوالے سے صارفین پر زبردست اثر ڈالتا ہے۔

ڈومین کیوں اہم ہے؟

بنیادی طور پر، کمپنی کا اپنا ڈومین اس کے برانڈ کی ساکھ قائم کرتا ہے۔ بصورت دیگر کاروبار کے لیے مفت ویب ہوسٹنگ یا اپنے انٹرنیٹ سروس پروائیڈر کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ویب سائٹ شائع کرنی ہوگی۔ اس طریقہ کو استعمال کرتے ہوئے، کمپنی کی ویب سائٹ کا ایک عام URL ہوگا جو عموماً صارفین کا اعتماد اور بھروسہ حاصل نہیں کرپاتا (جو کہ ڈیجیٹل دنیا میں بہت ضروری ہے)۔ کمپنی کا اپنا ڈومین ہونے کی ایک بہت اہم وجہ یہ بھی ہے کہ یہ ویب سائٹ کو پورٹیبل بناتا ہے۔

دوسری صورت میں، اگر کمپنی کو Host تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ڈومین کی مالک نہیں ہے تو اسے بالکل نئے URL کی ضرورت ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ کمپنی نے اپنے پچھلے URL کے ساتھ جو بھی ٹریفک حاصل کیا، وہ سب دوبارہ نئے سرے سے کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈومین نام، سرچ انجن آپٹیمائزیشن (SEO) کے حوالے سے کمپنی کی کاوشوںکو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

کمپنی کا ڈومین نام اس کی برانڈنگ کی حکمت عملی کو متاثر کرتا ہے۔ صارفین کو اگر کمپنی کا برانڈ یاد رہے گاتو وہ بآسانی اسے تلاش کرلیں گے۔ ڈومین نام کی کمپنی کے برانڈ سے مماثلت قائم کرکے آپ صارفین کی توجہ مزید اپنے اپنے برانڈ کی طرف بڑھا دیتے ہیں۔ اس طرح صارفین نہ صرف خود نام یاد رکھیں گے بلکہ اپنے جاننے والوں کو بھی بتائیں گے۔

بہتر ڈومین نام کیلئے 10نکات

اپنی ویب سائٹ کیلئے ڈومین نام کا انتخاب کرنا آسان کام نہیں ہے۔ اس کیلئے تحقیق اور سوچ بچار میں کافی وقت لگتا ہے۔ یہاں تک کہ کامیاب ترین کمپنیاں بھی ایک اچھا ڈومین نام تلاش کرنے میں کچھ وقت لگاتی ہیں۔ ایسے میں دوسروں کے تجربے اور تجاویز سے فائدہ اٹھاکر بہترین ڈومین نام منتخب کیا جاسکتا ہے۔ آج کے مضمون میں بہترین ڈومین نام منتخب کرنے کے لیے کئی اہم تجاویز کا خاکہ پیش کیا جارہا ہے۔

’ڈاٹ کام‘ کا حصول

عام طور پر جب لوگ ویب سائٹ تلاش کرتے ہیں، تو زیادہ تر فرض کرلیتے ہیں کہ اس کے ڈومین کا اختتام ’ڈاٹ کام‘ پر ہوگا۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ 48فیصد ویب سائٹس ’ڈاٹ کام‘ کا ڈومین استعمال کرتی ہیں۔ اگر آپ کو ڈاٹ کام کے ساتھ مطلوبہ ڈومین نام نہیں ملتاتو ایسے متبادل نام تلاش کریں جو ڈاٹ کام پر دستیاب ہوں۔ ڈاٹ کام نہ صرف زیادہ پہچانا جاتا ہے بلکہ یہ ویب سائٹ دیکھنے والوں کے ذہنوں میں آپ کے برانڈ کے لیے اعتبار بھی قائم کرتا ہے۔

ڈومین نام مختصر ہونا

عام طور پر، بہترین ڈومین نام مختصر ہوتے ہیں۔ نام جتنا چھوٹا ہوگا، لوگوں کے لیے اسے یاد رکھنا اور مارکیٹنگ کے لیے استعمال کرنا آسان ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر، ڈومین نام پرنٹ مارکیٹنگ کے لیے شامل کرنے کی ضرورت ہے تو اگر وہ حد سے زیادہ طویل ہوگا تو ڈیزائننگ میں مشکلات آئیں گی۔ اس طرح کچھ عناصر کو طویل ڈومین نام میں فٹ کرنے کے لیے ان کا سائز تبدیل کرنا پڑے گا۔

لکھنے اور سننے میں آسان ہونا

ڈومین نام رکھنے سے پہلے غور کریں کہ وہ نام کیسے استعمال کیا جائے گا۔ مثال کے طور پر، کمپنی کے ملازمین ممکنہ طور پر صارفین یا کلائنٹس کو ویب سائٹ کا حوالہ دیں گے۔ بالخصوص فون پر بات چیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے آسان ہونا چاہیے۔ اگر ڈومین کا ہجے کرنا مشکل ہے، تو زبانی کسی کو ڈومین نام بتانا اور مشکل ہو گا۔ اس کے علاوہ، صارفین کا ڈومین ٹائپ کرتے وقت غلطی کرنے کا زیادہ امکان ہو گا۔

ہائفن سے گریز کریں

موز کے مطابق، ڈومین نام میں ہائفن کااستعمال اسپیم (Spam) ہونے سے مضبوط تعلق رکھتا ہے۔ اس کی وجہ سے، ہائفن والے ڈومین نام کو مسابقتی ’کی ورڈ‘ کے لیے درجہ بندی میں زیادہ پریشانی ہو سکتی ہے۔ یہ کمپنی کی ویب سائٹ کے لیے ٹریفک کے حصول کو مشکل یا مہنگا بنا سکتا ہے۔ یقیناً، ہائفن سے گریز صرف SEO کے بارے میں نہیں ہے۔ یہ ڈومین نام کو پڑھنا اور یاد رکھنا بھی مشکل بناتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر لوگوں کو کمپنی کا ڈومین نام یاد ہے، مگر وہ یہ بھول سکتے ہیں کہ ہائفن کہاں تھا۔ اس کے علاوہ، انہیں یہ احساس بھی نہیں ہوسکتا کہ ڈومین نام میںہائفن استعمال کیا گیا ہے۔

’کی ورڈ‘ کیلئے مستعدی

کاروبار کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ڈومین نام میں کچھ الفاظ استعمال کرنے سے SEO کے حوالے سے اہم فرق پڑ سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر کمپنی کوئی مخصوص مصنوعات پیش کرتی ہے، تو اسے اپنے ڈومین میں مخصوص ’کی ورڈ‘ استعمال کرنے پر غور کرنا چاہیے۔ چاہے کمپنی کی کاروباری حکمت عملی SEO پر توجہ دیتی ہو یا نہیں، اسے اس بارے میں مستعدی سے کام لینا چاہیے۔

کچھ معاملات میں، یہ بھی ہوتا ہے کہ مطلوبہ ڈومین نام کے ساتھ بُرے ’کی ورڈز‘ وابستہ ہوتے ہیں۔ چاہے وہ کسی بھی طرح سے کاروبار سے متعلق ہوں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔ بصورت دیگر کمپنی کا برانڈ کسی ایسی چیز سے وابستہ ہو سکتا ہے جسے کی وہ متحمل نہیں ہونا چاہتی۔

لفظوں کی ڈور استعمال نہ کرنا

لفظوں کی ڈور (Word string)کے ساتھ ڈومین نام رکھنا ایک عام غلطی ہے۔ مثال کے طور پر اگر ڈومین نام تین سے چار مختلف الفاظ پر مشتمل ہو اور صارف پہلے ہی برانڈ سے کافی حد تک واقف نہیں تو اس کے لیے ان الجھے ہوئے الفاظ کو سمجھنا مشکل ہوگا۔ تاہم، اگر کمپنی کا برانڈ نام بذات خود الفاظ کا ایک مجموعہ ہو تو اسے ڈومین نام کے طور پر رکھنا سمجھ میں آسکتا ہے۔

نام کی دستیابی پرتحقیق

ڈومین کے لیے نام کے انتخاب کے دوران کمپنی کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آیا وہ نام کہیں پہلے سے رجسٹر تو نہیں۔ ڈومین نام کے کئی رجسٹرار ہیں، مثلاً ڈومین ڈاٹ کام، بلیوہوسٹ، نیم چیپ، ہوسٹ گیٹور اور ہوور وغیرہ، جنہیں کاروباری ڈومین نام تلاش کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ڈومین نام رجسٹر کروانا

چاہے کمپنی کا اپنا ڈومین نام فوری استعمال کرنے کا منصوبہ ہو یا نہیں، اسے اپنے کاروباری نام کو ڈومین نام کے طور پر ضرور رجسٹر کروانا چاہیے۔ ڈومین نام اگر دستیاب ہے تو اسے فوری رجسٹر کروائیں مبادا کہیں کوئی اور یہ نام رجسٹر نہ کروالے۔ اس طرح آپ کی ساکھ متاثر ہونے اور صارفین پر منفی اثر پڑنے کا امکان ہوتا ہے۔

اگر کمپنی کو کبھی اپنے کاروبار کے لیے آن لائن موجودگی کی ضرورت محسوس ہو تو اس کے پاس پہلے ہی ڈومین نام ہوگا بصورت دیگر اسے کسی اور سے خریدنا بھی پڑسکتا ہے۔ ڈومین نام کی قیمتیں بڑھتی رہتی ہیں، لہٰذا اسے ایسے وقت میں خرید لیا جائے جب یہ سب سے زیادہ سستا ہو۔ کمپنی یا برانڈ نام کے حساب سے بھی ڈومین نام مہنگا ہو سکتا ہے۔

ملتے جلتے ڈومین خریدنا

یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ کمپنی کا ڈومین صرف ایک نام نہیں ہوتا بلکہ یہ اس کے برانڈ کا ایک اہم جزو ہے۔ جب کمپنی ڈومین نام خریدتی ہے، تو وہ اپنے برانڈ کے ایک اہم حصے کی ملکیت لے رہی ہوتی ہے۔ اکثر، کمپنیاں اس بات کا جلد از جلد ادراک نہیں کر پاتیں اور بعد میں انہیں کہیں زیادہ ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔

ڈومین نام خریدنے کے بعد بھی سوچیں کہ اس میں کیا تغیرات (variations)ہ وسکتے ہیں۔ ان میں سے وہ ڈومین نام بھی خریدیں جو آپ کے برانڈ سے زیادہ قریب ہیں۔ اس طرح، کوئی بھی اس جیسا نام استعمال کرتے ہوئے کاروبار کرکے کمپنی کے برانڈ امیج کو خراب نہیں کرسکتا۔

ڈومین کی مدت

کمپنی کے لیے ڈومین نام رکھنا وقت طلب کام ہے اور یہ آپ کے برانڈ پر اثر انداز ہوتا ہے۔ لہٰذا اپنے ڈومین کی مدت کبھی بھی ختم (expire)نہ ہونے دیں۔ اگر کمپنی کسی بھی وجہ سے ڈومین کی تجدید کرنے میں ناکام رہتی ہے تو یہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوجاتا ہے، جس کے بعد کوئی بھی اسے خرید سکتا ہے۔ یوں نیا خریدار زائد قیمت پر کمپنی کا ڈومین نام اسے فروخت کرنے کی کوشش کرے گا۔ لہٰذا ہمیشہ وقت پر ڈومین کی تجدید کرنا یاد رکھیں۔