تیز ہوا اور آندھی میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی، کےالیکٹرک

January 22, 2022

کے الیکٹرک نے تیز ہوا اور آندھی کے دوران شہر میں بجلی کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

کراچی میں جمعے کے روز سے چلنے والی مسلسل تیز ہواؤں کے دوران کے الیکٹرک نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شہر اور اس کے مضافات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے اور پاور یوٹیلٹی کا نظام مستحکم رہے۔

کےالیکٹرک کے ڈائریکٹر کمیونیکیشنز عمران رانا کا کہنا تھا کہ کراچی میں 36-45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باوجود ہمارا سسٹم مجموعی طور پر مستحکم رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیمز نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شہر کو محفوظ اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی جاری رہے، جن علاقوں میں بجلی چوری اور کنڈوں کا استعمال عام ہے، وہاں چند فیڈرز کو ان علاقوں میں موجو د خطرات کے تناظر میں احتیاط کے طور پر بند کیا گیا، لیکن کےالیکٹرک کی علاقوں میں موجود ٹیمز سے کلیئرینس ملنے کے بعد بجلی کی فراہمی بتدریج بحال کر دی گئی۔

ڈیفنس فیز 6 میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والا شخص چوری کی نیت سے کھمبے پر لگے ٹرانسفارمر سے تار کاٹنے کی کوشش کر رہا تھا۔

کےالیکٹرک نے اپنے صارفین اور شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی اور کہاکہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ کی کیبلز اور بجلی کے انفرااسٹرکچر سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔

صارفین سے یہ بھی درخواست ہے کہ وہ گھر کے اندر بھی بجلی کے آلات خاص طور پر پانی کی موٹر کے استعمال کے دوران احتیاط کریں۔

کےالیکٹرک کسی بھی نوعیت کے سوال کا جواب دینے لیے اپنے واٹس ایپ نمبر 03480000118، کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کے ای لائیو ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فامز پر 24/7 موجود ہے۔