ناظم جوکھیو قتل کیس، پراسیکیوشن کو حتمی چالان جمع کروانے کیلئے مہلت

January 23, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر )جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے میمن گوٹھ میں غیر ملکیوں کو شکار سے روکنے پر نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل کیس میں پراسیکیوشن کو حتمی چالان جمع کروانے کے لئیے 26 جنوری تک کے لئیے مہلت دے دی ۔ مدعی مقدمہ کے وکیل کاکہناتھا کہ حتمی چالان پیش ہونے کے بعد دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے پر دلائل دینگے،سیشن عدالت نے ضمانتیں مسترد کرنے کے حکم نامے میں مقدمہ دہشتگردی کا قرار دیا ہے۔ ہفتہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے میمن گوٹھ میں غیر ملکیوں کو شکار سے روکنے پر نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر، ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر،فریقین کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے جہاںپراسیکیوٹر نے مقدمے کا حتمی چالان پیش کرنے کے لئے مزید وقت طلب کرتے ہوئے کہاکہ ابھی تک ایف ایس ایل کی حتمی رپورٹ موصول نہیں ہوسکی ہے،حتمی چالان کی فائل پراسیکیوٹر جنرل کو بھیجی گئی ہے، عدالت کاکہناتھا کہ حتمی چالان جمع ہوئے کافی وقت ہوچکا ہے ابھی تک عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا جاسکا،سرکاری وکیل نے بتایا کہ چالان پہلے ماڈل کورٹ میں پانچ دن رہا کیوں کہ وہاں دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ ہونا تھا، اسکے اگلے دن فائل پراسیکیوٹر جنرل کو بھیجی گئی جوکہ اب تک واپس نہیں آسکی،پراسکیوٹر جنرل سے ہدایات مانگی گئی ہیں کیس کی حدود کے حوالے سے،عدالت کاکہناتھا کہ واقعہ کو پیش آئے ہوئے مہینوں گزر چکے ہیں اور ابھی تک حتمی چالان پیش نہیں کیا جاسکا ہے،عدالت نے پراسیکیوشن کو حتمی چالان جمع کروانے کے لئے 26جنوری تک کے لئے مہلت دے دی۔