پنسلوانیا، 100 بندروں کو لیبارٹری لے جانیوالے ٹرک کو حادثہ

January 23, 2022

واشنگٹن (اے ایف پی) پنسلوانیا میں 100 بندروں کو لیبارٹری لے جانے والے ٹرک کے حادثے میں چار بندر فرار ہوگئے۔ پولیس نے بندروں کی تلاش کردی اور عوام کو خبردار کیا کہ وہ جانوروں کے قریب نہ جائیں۔ تین بندروں کو بعد میں پکڑ لیا گیا لیکن ایک اب بھی پکڑ میں نہیں آسکا۔ مقامی ڈبلیو این ای پی نیوز سائٹ نے کہا کہ تھرمل کیمروں والا پولیس ہیلی کاپٹر سائینومولگس (بندروں کی ایک قسم) بندروں کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیا گیا جبکہ زمین پر موجود افسران نے طاقتور فلیش لائٹس کا استعمال کیا۔ پنسلوانیا کی ریاستی پولیس نے منجمد سرد رات کے دوران روٹ 54 کے قریب ایک درخت پر بیٹھے حیوان رئیسہ کی تصویر جاری کردی۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق سائنومولگس بندر، جنہیں لمبی دم والے مکاک (ایک قسم کا لنگور) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی قیمت 10ہزار ڈالرز تک ہوسکتی ہے اور ان کی کورونا وائرس ویکسین ریسرچ کیلئے بھی مانگ ہے۔