محمد رضوان کسی میدان میں نہیں رکے، حریفوں کو ناکوں چنے چبوائے

January 23, 2022

میدان کوئی بھی ہو، محمد رضوان نہیں رکے ہر بار حریفوں کو ناکوں چنے چبوائے۔

محمد رضوان نے بالرز اور فیلڈرز کو بے بس کیے رکھا، کیلنڈر ایئر میں 1326 رنز بنائے، اس دوران 1 سنچری اور 12 نصف سنچریاں اسکور کیں۔

پاکستان ٹیم کی فتوحات میں مرکزی کردار وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سال 2021ء میں ٹی 20 انٹرنیشنل کے بہترین کھلاڑی بنے ہیں۔

اس بار پاکستان کی شان محمد رضوان بنے، جنہوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، وہ آئی سی سی ٹی 20 کے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام لے چکے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے آئی سی سی ایوارڈ اپنے نام کرنے پر رضوان کو مبارک باد دی۔

محمد رضوان نے اعزاز حاصل کرنے پر بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا اور اسے ڈبل خوشی سے تعبیر کیا کہ یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے۔

محمد رضوان نے سال 2021 میں ٹاپ ٹیمز کے خلاف شاندار اننگز کھیلیں اور ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف یادگار فتح میں بھی اہم کردار ادا کیا۔