اسلام اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے، طاہر اشرفی

January 23, 2022

وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بعض قوتیں ملک میں تخریب کاری پھیلانا چاہتی ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران طاہر اشرفی نے کہا کہ ہر حکومت نے نظامِ اسلام کی بات کی لیکن کسی نے عملی اقدامات نہیں کیے، اسلام اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی مذہب دوسروں کے مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا، پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانا ہے تو سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ پیغام پاکستان آئین کے بعد ضابطہ اخلاق ہے، جس پر تمام مذاہب کے ماننے والے اکابرین نے دستخط کیے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ متحدہ علما بورڈ نے 500 نصابی کتب کو دیکھ کر ان میں سے انتشار والا مواد ختم کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے، ابھی بہت وقت ہے، قوم عمران خان کو دوبارہ منتخب کرے گی۔