دنیا کے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ شعیب اختر کا خصوصی وی لاگ

January 23, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور فاسٹ بولر شعیب اختر نے ملکی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے وی لاگ کی ویڈیو شیئر کردی۔

عمان میں کھیلے جانیوالی لیجنڈز لیگ کے سلسلے میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی اس وقت وہاں موجود ہیں، جو ایک ساتھ ایکشن میں نظر آرہے ہیں۔

اس موقع پر شعیب اختر نے کرکٹ کے ستاروں کے ساتھ ایک وی لاگ بنایا جسے انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا سائیٹس پر بھی شیئر کیا۔

شعیب اختر کے ساتھ اس وی لاگ میں جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی جونٹی رہورڈز انگلینڈ کے کیوین پیٹرسن کے علاوہ دیگر کھلاڑی بھی نظر آرہے ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کئی بڑے نام اور سابق کھلاڑی بھی شعیب اختر کے وی لاگ میں موجود ہیں، جن میں عرفان پٹھان اور محمد کیف بھی شامل ہیں۔

اس وی لاگ میں شعیب اختر ایشیا میں کرکٹ کے نئے اور ابھرتے ہوئے ہوسٹ ملک عمان کی سیر کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ عمان میں 20 جنوری سے شروع ہوئے لیجنڈز ٹی ٹوئنٹی لیگ میں تین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں دُنیائے کرکٹ کے سابق اسٹار کھلاڑ ی ایکشن میں ہیں، بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار امیتابھ بچن اس ایونٹ کے ایمبیسڈر مقرر کیے گئے۔

ٹیموں میں ایشیا لائنز، انڈیا مہاراجا اور ورلڈ جائنٹس شامل ہیں، ہر ٹیم میں 16، 16 کرکٹرز ہیں۔

ایشیا لائنز میں پاکستان کے 8 کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں ان میں شاہد آفریدی، یونس خان، شعیب اختر، محمد حفیظ، محمد یوسف، مصباح الحق، اظہر محمود اور کامران اکمل بھی شامل ہیں۔

انڈیا مہاراجا میں وریندر سہواگ، یووراج سنگھ ، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، ظہیر خان، ہربھجن سنگھ اور نیان مونگیا اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

ورلڈ جائنٹس میں جنوبی افریقا کے جونٹی رہوڈز، عمران طاہر، ہرشل گبز، مورنی مورکل، فاف ڈوپلیسی اور ایلبی مورکل، آسٹریلیا کے بریٹ لی اور بریڈ ہیڈن، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی اور سنیل نارائن، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری اور کورے اینڈرسن، انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور مونٹی پنیسار اور آئرلینڈ کے کیون اوبرائن شامل ہیں۔

20 جنوری سے شروع ہونے والا یہ ایونٹ 29 جنوری تک کھیلا جائے گا، تین ٹیمیں ایک دوسرے سے دو ، دو میچ کھیلیں گی، ایونٹ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔