کراچی سرکلر ریلوے کا خواب پورا ہوگا، تیز کام کرینگے، اعظم سواتی

January 24, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ کراچی سر کلر ریلوے کا خواب پورا ہوگا، کراچی کی ترقی کیلئے وفاق ٹرانسفارمیشن پلان پر کام کررہا ہے، کراچی سرکلر ریلوے پر کام کو تیز کیا جائے گا، آج قلی کی آزادی کا دن ہے آج سے قلی سے پیسے نہیں لیں گےاس حوالے سے کوئی ٹھیکہ نہیں ہوگا، ریلوے ان کا کوئی پیسے نہیں لے گا جس اسٹیشن سےجو قلی جو پیسہ کمائے گا وہ سارا پیسہ گھر لے جائے گا، ملک میں جاگیردارانہ نظام کے ساتھ اب ٹھیکے داری نظام کا خاتمہ کرنا ہے۔وہ اتوار کو کینٹ اسٹیشن پر سیلانی ویلفیئر کے تعاون سے قائم آر او پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر سیلانی ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ میں بشیر فاروقی اور ان کے ٹرسٹ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اسٹیشن پر آر او پلانٹ لگایا اس سے مسافروں کو صاف پینے کا پانی ملے گا۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ انسانی فلاح کیلئے ریلوے کی جتنی زمین چاہے ہوگی ہم دیں گے۔