سندھ میں رہنے والے ہر پاکستانی کو سندھی سمجھا جائے، قاری عثمان

January 24, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور ضلع کیماڑی کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ سندھ میں رہنے والے ہر پاکستانی کو سندھی سمجھا جائے، لسانیت کے نام پر نئی صف بندی والے فارمولے کو بحیثیت زندہ قوم مسترد کرنا ہر محب وطن کا فرض ہے،بدامنی کی حالیہ لہر تشویشناک ہے، وہ کیماڑی میں پی ایس 113 کی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر ضلعی جنرل سیکریٹری سید اکبر شاہ ہاشمی، نائب امیر قاضی فخرالحسن، ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید عبدالسلام شاہ، پی ایس 113 کے امیر مولانا محمد بلال، جنرل سیکریٹری مولانا عبدالحفیظ لاشاری اور دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا، قاری محمد عثمان نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کا سب سے بڑا مسئلہ تاریخ کی بدترین مہنگائی غربت ناانصافی بے روزگاری ہے، مہاجر، پختون،سندھی، پنجابی، بلوچ اور تمام اقوام کے لوگ بھائی بھائی ہیں، انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سوچنا ہوگا کہ اس طرح کی بیان بازی سے امن و امان کی بگڑتی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔