نیوکراچی اور شادمان میں پارکوں کا افتتاح شہر کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

January 24, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان حکومت سندھ وایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اتوار کے روز ضلع وسطی کے علاقوں نیوکراچی اور شادمان میں دو نئے تزئین شدہ پارکوں کا افتتاح کردیا، ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم، ضلع وسطی کے افسران اور پیپلز پارٹی کے متعدد رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں پارکوں کی تزئین و آرائش، موسمی پھلوں کی نمائشیں اور شاہراہوں پر پودے اور پھول لگانے کا مقصد شہر کے ماحول کو بہتر اور خوشگوار بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں 100پارکوں کی تزئین و آرائش کا پروگرام شروع کیا گیا ہے جن میں سے 14 پارکوں کو اب تک عوام کے لئے کھولا جاچکا ہے، دوسرے اضلاع میں بھی پارکوں کو درست کریں گے،انہوں نے کہا کہ اب کراچی بدل رہا ہے،شہر کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے بھی کام کر رہے ہیں اور ضلع وسطی کی 22 سڑکوں کے تعمیراتی کام کا آغاز چند روز میں کردیں گے۔