رضوان دنیا پر چھاگئے،سال کے بہترین ٹی 20 کرکٹر قرار،فاطمہ ثنا کیلئے ایمرجنگ پلیئر ایوارڈ

January 24, 2022

رضوان سال کے بہترین ٹی 20 کرکٹر قرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستانی وکٹ کیپر رضوان دنیا پر چھا گئے۔ انٹرنیشل کرکٹ کونسل کاٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئرکا ایوارڈ محمد رضوان نے غیر معمولی کارکردگی کے باعث حاصل کر لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ پاکستان اور اس کے خوبصورت لوگوں کے نام ہے۔ محمد رضوان، وانندو ہسارنگا، مچل مارش اور جوز بٹلر کی نامزدگیاں ہوئیں تھیں۔ دوسری جانب آئی سی سی نے 20 سالہ پاکستانی بولر فاطمہ ثنا کو سال 2021 کی ابھرتی ہوئی کرکٹر قرار دیا ہے۔ فاطمہ ثنا آئی سی سی ایوارڈ حاصل کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ اس سے قبل خواتین کی سال کی بہترین ٹیم میں بھی فاطمہ ثنا کو شامل کیا گیا ہے۔ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ائیر انگلینڈ کی ٹیمی بیماونٹ قرار پائیں۔ آئی سی سی ایمرجنگ مینز کرکٹر آف دی ائیر ایوارڈ جنوبی افریقاکے ینامن ملان کو ملا۔ عمان کے ذیشان مقصود ایسوسی ایٹ پلیئرآف دی ائیر قرار پائے ۔ فاطمہ ثنا نے سنہ 2021 میں 24 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک فائیو فار (ایک میچ میں پانچ وکٹیں) شامل تھا۔ سال کے دوران محمد رضوان نے 29 ٹی ٹوئنٹی میچز میں1326 رنز 73.66 کی اوسط سے بنائے۔ محمد رضوان نے ایک سنچری بنائی اور وکٹوں کے پیچھے 24 شکار کئے۔ محمدرضوان کی یادگار پرفارمنس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف رہی۔ محمد رضوان نے یہ ایوارڈ پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کے نام کرتے ہوئے ٹویٹ کی ’الحمدللہ۔ بس اللہ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا۔ انھوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ سب لوگوں کی حمایت اور محبت کے لیے شکر گزار ہیں اور ’انشااللہ یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کی محمد رضوان کو مبارکباد دی ہے۔ محمد رضوان کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی اس چیز کی ہے کہ اس میں میرا پاکستان شامل ہو گا، کیونکہ یہ ایوراڈ پاکستان کو ملا ہے۔ رضوان نے اپنی اس کامیابی کا کریڈیٹ پاکستان ٹیم انتظامیہ کو دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس کام میں میرا ہاتھ بٹایا۔ انھوں نے ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور میدان کے باہر ان کھلاڑیوں کو بھی کریڈٹ دیا جو رضوان کے مطابق پردے کے پیچھے رہتے ہوئے میرے لیے تجزیے اور میری مدد کرتے ہیں۔انھوں نے اپنے لیے دعائیں کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’الحمدللہ اس وقت پاکستان ٹیم پوری دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ بعد ازاں اتوار کوآن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ عالمی سطح پر ملک کا نام آیا ہے تو اس کی بہت خوشی ہوئی ہے۔ دعا ہے کہ پاکستان کے لئے عالمی سطح پر مزید ایوارڈز ملیں۔ ہر سیریز کیلئے پلان کرتا ہوں اب بھی اچھا کرنے کا پلان کیا ہوا ہے، ہم پچ کے مطابق پاور پلے میں کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ بالکل کوشش ہوگی کہ اس سال پی ایس ایل میں اچھا کارکردگی کا مظاہرہ کروں، کوشش کروں گا کہ پی ایس ایل میں بھی ویسی ہی پرفارمنس دوں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے بعد ون ڈے ٹیم کے کپتان بھی ہوں گے جبکہ آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کے لیے پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔جمعرات کوآئی سی سی کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کی سال کی بہترین ٹیم کا اعلان کیا گیا جس میں نہ تو کوئی آسٹریلوی یا انگلش کھلاڑی شامل ہے اور نہ ہی کوئی بھارتی کھلاڑی اس ٹیم میں جگہ بنا سکا ہے۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان بھی اس ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کی بہترین ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں پاکستان کے تین کھلاڑی فواد عالم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔