سپر لیگ ٹی وی کوریج کرنے والوں پر بھی کورونا حملہ آور

January 24, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سے قبل کھلاڑیوں، آفیشلز اور پی سی بی ملازمین کے بعد ٹی وی کی کوریج کرنے والے عملے کے اراکین بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے براڈ کاسٹرز کریو میں کچھ تکنیکی عملے اور کیمرہ مینوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ انہیں آئسولیٹ کردیا گیا ہے جبکہ کمنٹیٹرز جن میں ملکی اور غیر ملکی بھی شامل ہیں ۔ وہ پیر سے ہوٹل میں روم آئسولیشن شروع کریں گے۔تاہم ان کی تعداد بتانے سے گریز کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا مثبت آنے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ پی سی بی نے براڈ کاسٹرز کے متبادل کا بھی انتظام کررکھا ہے تاکہ ٹورنامنٹ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔