مریخ پر غیرمعمولی کیمیائی مرکبات مل گئے

January 24, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) سرخ سیارے مریخ پر ناسا کی تحقیقی گاڑی ’’کیوروسٹی‘‘ روور گاڑی ایک گہرا گڑھا کھودنے میں کامیاب ہوگئی ہے جس میں سے غیر معمولی کیمیائی مرکبات ملے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان مرکبات کے جائزے سے مریخ پر زندگی کے آثار کا پتہ لگایا جا سکے گا۔ سائنس میگزین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا، تمام باتیں ممکنات میں شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گڑھے میں سے نکالے جانے والے 24؍ نمونوں کو کیوروسٹی روور نے گرم کرکے انہیں علیحدہ کرنے کی کوشش کی جس سے معلوم ہوا کہ یہ مرکبات کاربن 12؍ اور کاربن 13؍ کے آئسوٹوپ ہیں۔ دو مستحکم کاربن آئسوٹوپ کے جائزے سے معلوم ہوگا کہ گزرتے وقت کے ساتھ کاربن سائیکل کیسے تبدیل ہوئی ہوگی۔