پی ٹی آئی کو دوبارہ کراچی سے بھی ووٹ نہیں ملے گا، پی پی

January 24, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے وفاقی وزیر علی زیدی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتظامی بدحالی کے بعد جو صوبہ ان سے بچا ہوا ہے اس کو بھی بدحال کریں گے،سندھ کے ساتھ کون دشمنی کررہا ہے وہ سب کے سامنے آگیا ہے۔ اویس قادر شاہ نے کہا کہ ان کو دوبارہ کراچی سے بھی ووٹ نہیں ملے گا یہ سکھر کی بات کررہے ہیں،وفاقی وزیر میری ٹائم سمندر میں اگر کچرا پھینکا جارہا ہے تو آپ کیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سیاست توکرنی نہیں آتی وہ اب بھی الزام سے بچائیں گے، پیپلز پارٹی نے جو کام صوبے سمیت جہاں آپ بیٹھ کر جھوٹ بول رہیں وہاں کئے ہیں عوام الیکشن میں بتائیں گے۔ اویس قادر شاہ نے کہا کہ ملک میں جتنی بدگمانی اور بدتمیزی کی فضا ان لوگوں نے پھیلائی ہے وہ پیپلز پارٹی ہی صاف کرے گی،ان سے ان کے پارٹی کے لوگ تو سنبھلتے نہیں ملک تھمادیا گیا ہے،صوبے میں ترقیاتی پیکج کے اعلانات ہوگئے لیکن ابھی تک کچھ خود نہیں کیا بری پیپلز پارٹی ہے۔ اویس قادر شاہ نے کہا کہ ان کا بوریا بسترا سب گول ہونے والا ہے یہ آخری بھڑکیاں مارہے ہیں ،اپنی نااہلی چھپانے کے لئے اب سندھ کے دیگر ضلع یاد آرہے ہیں ۔