نیئر بخاری اور ایمل ولی کا رابطہ، بلدیاتی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال

January 24, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا میں منعقد ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پیپلزپارٹی اور اے این پی کی اعلی قیادت میں رابطہ ہواہے، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے دونوں مرکزی رہنماؤں نے ڈیرہ اسماعیل خان سٹی مئیر انتخاب سمیت بلدیاتی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا،ایمل ولی نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی کے سٹی مئیر امیدوار ڈیرہ کی حمایت کرینگے اور مہم بھی چلائینگے، اے این پی نے پیپلزپارٹی کے سٹی مئیر امیدوار ڈیرہ اسماعیل خان فیصل کریم کنڈی کی حمایت کا اعلان کیا، نیئر حسین بخاری نے گفتگو میں کہا کہ اے این پی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل کریم کنڈی کی حمایت کی درخواست کی گئی جسے قبول کرتے ہوئےایمل ولی خان نے یقین دلایا کہ اے این پی فیصل کریم کنڈی کی کھل کر انتخابی مہم چلائے گی، اے این پی کی صوبائی تنظیم پیپلز پارٹی امیدوار کی مدد کریگی،انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے حمایت کے مشکور ہیں۔