پنجاب پولیس کے افسروں وجوانوں کی سالانہ فائرنگ پریکٹس جلدمکمل کرنیکاحکم

January 24, 2022

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) پنجاب پولیس کے افسروں اورجوانوں کی سالانہ فائرنگ پریکٹس جلدمکمل کرنے کاحکم دے دیاگیا، صوبہ بھرمیں پنجاب پولیس کےافسروں اوراہل کاروں کے نشانے بہتربنانے کیلئے کانسٹیبل سےہیڈ کانسٹیبل تک ایس ایم جی اورجی تھری کے15راؤنڈز اورافسروں سے پسٹل،ایس ایم جی،جی تھری رائفلز کے 25 راؤنڈ فائرکرائے جائینگے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی جانب سے پنجاب کے تمام سی پی اوز اورڈی پی اوزکے نام جاری کئے گئے مراسلے میں کہاگیاہے کہ ملازمین کواسلحہ استعمال کرنے،لوڈنگ ان لوڈنگ اوراسلحہ صاف کرنے کیلئے تربیت دی جائے، فائرنگ پریکٹس کیلئےضلعی سربراہان متعلقہ ایلیٹ گروپ سےملکرشیڈول ترتیب دیں ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے پولیس فورس کی سالانہ فائرنگ پریکٹس جلد از جلد مکمل کروانے کاحکم دیتے ہوئے کہاہےکہ وہ اپنی نگرانی میں ماتحت افسروں اوراہلکاروں کی سالانہ فائرنگ پریکٹس مکمل کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کو سالانہ فائرنگ پریکٹس کیلئے مطلوبہ مقدار میں جی تھری راؤنڈز، ایس ایم جی راؤنڈز اور 9 ایم ایم راؤنڈز فراہم کردیے جائیں گے۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سالانہ فائرنگ پریکٹس کے دوران جاری کردہ ایس او پیز ڈرائی پریکٹس، ویپن ہینڈلنگ، لوڈنگ، ان لوڈنگ، کلیننگ اور فائرنگ پریکٹس پر عمل درآمد کرایا جائے اور طے شدہ کوٹے کے مطابق ہر افسر و اہلکار کو مطلوبہ راؤنڈز دئیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع اپنا سالانہ فائرنگ پلان جلد از جلد تیار کرکے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں جبکہ فائرنگ پریکٹس مکمل ہونے کے بعد ہر ضلع سرٹیفیکیٹ بھی بھجوائے گا جس میں ہر ضلع کے اہلکاروں اور افسران کی پریکٹس مکمل ہونے کی کلیئرنس ہوگی، مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سپروائزری افسران ترجیحی بنیاد پر ان احکامات کی پاسداری کریں۔