بارات میں 10 سے 15 لاکھ کے قریب سلامی ملی: کنول آفتاب

January 24, 2022

کنول آفتاب کے انسٹاگرام سے لی گئی تصاویر

مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی معروف جوڑی کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر کی شادی کی تقریبات کا اختتام ہوتے ہی اُن کو بارات میں ملنے والی سلامی کی رقم کے بارے میں معلوم ہوگیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر کے ولیمے کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں صحافی اس جوڑی سے اُن کی سلامی سے متعلق سوال پوچھتے نظر آرہا ہے۔

صحافی نے ذوالقرنین سکندر سے سوال پوچھا کہ ’آپ کو بارات میں کتنی سلامی ملی؟ جس پر ٹک ٹاکر نے کہا کہ ’اُنہوں نے اپنی تمام سلامی والد کو دے دی ہے۔‘

ذوالقرنین نے کہا کہ ’اُن کے والد نے اُن سے زبردستی سلامی کی ساری رقم لے لی اور اُنہوں نے بھی خاموشی سے والد کو رقم دے دی کیونکہ وہ والد کا حکم نہیں ٹالتے۔‘

دوسری جانب جب یہی سوال کنول آفتاب سے پوچھا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی سلامی کی رقم شوہر سے چُھپا کر دراز میں رکھی ہے۔‘

کنول آفتاب نے کہا کہ ’میرے اندازے سے مجھے الحمداللّہ 10 سے 15 لاکھ روپے تک سلامی ملی ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میرے والد کے دوستوں سے شکوہ ہے کہ اُنہوں نے ذوالقرنین کو 40 سے 50 ہزار تک سلامی دی، اگر مجھے بھی 2 ہزار روپے دے دیتے تو مجھے بہت اچھا لگتا۔‘

واضح رہے کہ اس جوڑی کا گزشتہ سال، اپریل کے آغاز میں دھوم دھام سے نکاح ہوا تھا جبکہ حال ہی میں کنول آفتاب کی رخصتی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی کنول آفتاب ناصرف ایک ٹک ٹاک اسٹار ہیں بلکہ وہ گزشتہ کچھ سالوں سے ایک نجی ویب چینل پر میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دے رہی ہیں۔

دوسری جانب ذوالقرنین سکندر نے 2018 میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے ذریعے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر تھوڑے ہی عرصے میں اپنی جاندار اداکاری کی بدولت مقبول ہو گئے۔