سیّدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ

January 26, 2022

منقبت میں کِیا وَا، مَیں نے جو بابِ صدیقؓ

آئے اشعار میں اوصافِ جنابِ صدیقؓ

ہے مئے معرفتِ حق سے تعلّق میرا

مَیں ہوں سرشار کہ پیتا ہوں شرابِ صدیقؓ

رہبرِ اُمتِ مُسلم تھے وہی بعدِ نبیؐ

اب تلک زندہ ہے ہر لفظ خطابِ صدیقؓ

ہے یہ سرکارؐ کا فرمان مِرا قول نہیں

صرف اللہ چُکائے گا حسابِ صدیقؓ

ذات و اوصاف میں وہ منفرد و یکتا تھے

سچ تو یہ ہے کہ نہیں کوئی جوابِ صدیقؓ

اے خُدا ،ایسی بھی اِک رات عطا ہو جائے

شام سے تابہ سحر دیکھوں میں خوابِ صدیقؓ

میری آنکھوں میں اُتر کر اِسے پڑھ کر دیکھو

سچ جو پوچھو تو مِرا دل ہے کتابِ صدیقؓ

تربیت کے لیے اِک خاص وسیلہ ہو ندیمؔ

درسگاہوں میں جو شامل ہو نصابِ صدیقؓ

(ریاض ندیم نیازی)