پیپلز پارٹی کی کال پر سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ، بلاول بھٹو اور دیگر کی شرکت

January 24, 2022


پیپلز پارٹی کی کال پر سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کاشتکاروں سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹریکٹر ٹرالی مارچ کیا گیا۔

حیدرآباد میں بڑی تعداد میں کسان ٹریکٹر ٹرالی سمیت فتح چوک پہنچے، مارچ میں بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت پیپلزپارٹی سندھ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی جماعت نے پورے ملک میں کسانوں کو جمع کیا لیکن بے حس حکومت کہتی ہے کہ ہم نے کسانوں کو بہت پیسے دیے ہیں۔

سکھر میں روہڑی بائی پاس کے قریب کسان مارچ کی قیادت خورشید شاہ اور قائم علی شاہ نے کی، خورشید شاہ اور قائم علی شاہ کسان مارچ میں شرکت کیلئے بیل گاڑی پر سوار ہوکر پنڈال سے اسٹیج پر پہنچے۔

اس موقع پرخورشید شاہ نے کہا کہ غریب کو مزید غریب بنانے کے لیے سیاسی کھیل کھیلا جارہا ہے، پنجاب میں گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور چنیوٹ، منڈی بہاوالدین، جھنگ اور کمالیہ میں بھی تحفظ حقوقِ کسان ریلی نکالی گئی۔

فیصل آباد میں سمندری روڈ پر کسان ٹریکٹر ٹرالی ریلی نکالی گئی جس میں کسان ٹریکٹر ٹرالیاں لے کر شریک ہوئے، گوجرانوالا میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی رہنما قمر زمان کائرہ بولے تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی کی چلائی گئی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے۔

بلوچستان کے علاقے نصیرآباد اور جعفرآباد میں بھی پیپلز پارٹی کے تحت ٹریکٹر ٹرالی مارچ کیا گیا۔