کورونا بحران، بند ہونے والا پاکستان قونصل خانہ بارسلونا کل سے کھول دیا جائے گا

January 25, 2022

بارسلونا ( شفقت علی رضا ) کورونا کیسز سامنے آنے کی وجہ سے بند کیا جانے والا قونصل خانہ 26 جنوری سےکھول دیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کے عملے میں کورونا کیسز سامنے آنے پر قونصل خانے کو عوام الناس کے لئے بند کر دیا گیا تھا ۔ قونصل خانے کے اعلان کے مطابق آج سے ہیلپ ڈیسک کام کرے گا جبکہ کل سے باقی ماندہ کام شروع کر دیئے جائیں گے، جن میں پاسپورٹس کی تجدید اور نئے پاسپورٹ بنانے سمیت تمام سرکاری کاغذات کی تصدیق وغیرہ شامل ہے ۔یاد رہے کہ قونصل خانےمیں عملے کے دو افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تو باقی تمام عملے کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جس سے پتہ چلا کہ عملے کے دیگر افراد میں بھی کورونا پازٹیو ہے۔ قونصلیٹ آفس بند ہونے سے پہلےوہاں کام کے سلسلے میں جانے والے پاکستانیوں نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا شروع کر دیا ہے جن میں سے کچھ رزلٹ پازیٹیو جبکہ کافی تعداد کا رزلٹ نیگٹو آیا ہے ۔ موجودہ صورت حال میں قونصل خانہ میں کام کے لئے آنے والے تمام افراد کوکورونا ایس او پیز کا بہت زیادہ خیال رکھنا ہو گا ۔ واضح رہے کہ جب کورونا کا آغاز ہوا اور یہ بیماری عروج پر تھی تو سپین میں ہر ادارہ بند تھا، تب قونصل خانہ بارسلونا کھلا رہا اور اپنے تمام کام سرانجام دیتا رہا اور اس ادارے سے ضرورت مند پاکستانی کمیونٹی کو اشیائے خوردونوش کی تقسیم بھی ہوتی رہی تھی ۔قونصل خانہ بارسلونامیں کورونا کیسز کی بہتات اور کیسز پازیٹیو آنے کی وجہ سے سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔