یورپ میں اومی کرون کورونا کا آخری مرحلہ ہوسکتا ہے، عالمی ادارہ صحت

January 25, 2022

کوپن ہیگن (اے ایف پی) یورپ میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون کورونا کو ایک نئے مرحلے پر لے آئی ہے اور یہ اس عالمی وبا کا اختتام ہوسکتا ہے،کورونا عالمی وبا سے ایک موسمی زکام جیسی متعدی بیماری ’’اینڈیمک‘‘ میں تبدیل ہوجائے گا۔ ہینس کلوگ نے کہا کہ یہ بات قابل فہم ہے کہ عالمی وبا یورپی خطے میں اپنے اختتام پر پہنچ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اومی کرون مارچ تک 60 فیصد یورپی شہریوں کو متاثر کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ اومی کرون کی شدت جب یورپ بھر میں کم ہوگی تو چند ہفتوں اور ایک ماہ کے دوران عالمی سطح پر لوگوں کی قوت مدافعت بڑھ جائے گی جو یا تو ویکسین لگوائے جانے کی وجہ سے ہوگی یا پھر لوگوں کے اومیکرون سے صحتیاب ہونے کے بعد ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوجائے گا اور موسم بھی بہتر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اندازہ لگاسکتے ہیں کہ کچھ عرصہ کے وقفے کے بعد سال کے آخر میں کورونا دوبارہ سر اٹھائے گا لیکن لازمی نہیں کہ یہ عالمی وبا کے طور پر پہلے کی طرح دوبارہ سے واپس آئے۔