مغرب سے کشیدگی، روس نےآئرلینڈ کے ساحل پر فوجی مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا

January 25, 2022

راچڈیل(ہارون مرزا)مغرب کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود روس نے اگلے ماہ آئرلینڈ کے ساحل پر فوجی مشقیں کر نے کا اعلان کر دیا ۔ماسکو کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ روس اگلے ماہ آئرلینڈ کے ساحل پر لائیو فائر بحری مشقیں کرے گاجنگی جہاز آئرلینڈ کے جنوب مغربی ساحل سے تقریباً 150 میل دور ملک کے خصوصی اقتصادی زون کے اندر لیکن علاقائی پانیوں سے باہر سمندری مشقوں میں حصہ لیں گے ۔وزیر خارجہ سائمن کووینی نے انکشاف کیا ہے کہ روس نےگزشتہ ہفتے کے آخر میں آئرلینڈ کو مشقوں کے بارے میں آگاہ کیا تھا اور یہ کہ ان کا ملک اسے ہونے سے روکنے کی طاقت نہیں رکھتا روس کی موجودگی خوش آئند نہیں ہے یہ مشق روسی بحری مشقوں کا حصہ بنے گی جس میں اس کے تمام بحری بیڑوں کے 140بحری جہاز اور10ہزار فوجی اہلکارشامل ہوں گے جو جنوری سے فروری تک بحر اوقیانوس، بحرالکاہل، بحیرہ روم، شمالی سمندر اور اوخوتسک کے سمندر میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے یہ یوکرین کی سرحد پر روس کے فوجی دستوں کی مبینہ تعیناتی کے پس منظر میں آیا ہے جس نے یورپ میں جنگ اور مشرق اور مغرب کے درمیان تعطل کے خدشات کو جنم دیا ہے۔ نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے تصدیق کی ہے کہ اتحاد خطے میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط کرے گا اضافی بحری جہاز اور لڑاکا طیارے تعینات کیے جائیں گے تاکہ حالات کو بگڑنے سے بچایا جا سکے۔ ڈنمارک بحیرہ بالٹک میں فریگیٹ اور لتھوانیا میں ایف 16 جنگی طیارے تعینات کیے جائینگے سپین نیٹو کی کھڑی میری ٹائم فورس میں شامل ہونے کیلئے بحری جہاز بھیج رہا ہے اور بلغاریہ کو لڑاکا طیارے بھیجنے پر غور کر رہا ہے فرانس بلغاریہ میں فوج بھیجنے کیلئے بھی تیار ہے دوسری طرف روس نے پہلے ہی اس وقت بحیرہ اسود میں اضافی بحری جہاز تعینات کر دیے ہیں جب چھ لینڈنگ کرافٹ کو ڈنمارک اور انگلش چینل سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا تھا یورپی وزرائے خارجہ برسلز میں ملاقات کر رہے ہیں جس کا مقصد ماسکو کے خلاف متحدہ محاذ کھڑا کرنا ہے۔