برطانیہ میں ہائی ویز کوڈ زمیں تبدیلی کرنے کا فیصلہ

January 25, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) برطانیہ میں ہائی ویز کوڈ جوکہ سڑکوں پر سفر کے متعلق قوانین اور ہدایات پر مشتمل ہے۔ اس میں موجودہ صورت حال کے مطابق چند اہم تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور29جنوری کو پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس کو نافذ کردیا جائے گا۔ نئے قوانین کے تحت گاڑی ڈرائیورز کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ سائیکل سواروں، پیدل چلنے والوں یا گھوڑوں پر سوار افراد کے بچائو کیلئےان پر نظر رکھیں۔ اسی طرح سائیکل سواروں کی بھی ڈیوٹی ہوگی کہ وہ پیدل چلنے والوں کا خیال رکھیں۔ ڈرائیورز کا فرض ہوگا کہ وہ سائیکل سوار اوورٹیک کرتے وقت کم از کم1.5میٹر کا فاصلہ رکھیں اور سڑک کے موڑ پر سڑک پار کرنے کیلئے پیدل افراد جو انتظار میں کھڑے ہیں ان کو راستہ دیں۔ سائیکل سوار سڑک کے درمیان سفر کرسکے گا۔ گاڑی میں سوار افراد کو چاہیے کہ وہ دروازہ کھولتے وقت ڈچ تیکنک کو استعمال کرتے ہوئے ہاتھ سے دروازہ کھولیں، جس سے ان کا کندھا مڑ جائے گا اور وہ پیچھے آنے والوں کو دیکھ سکیں گے۔ ڈی ایف ٹی کے اعدادو شمار کے مطابق جون2021ء تک برطانیہ کی سڑکوں4290پیدل افراد اور4700سائیکل سوار یا شدید زخمی ہوگئے تھے۔ نئے قوانین کا اسی وقت صحیح طور پر فائدہ ہوگا اگر زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے آگاہ ہوں جبکہ ایک تازہ ترین سروے کے مطابق33فیصد افراد کو نئے قواعد کا کوئی علم نہیں۔