بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف اسمبلی کے سامنے مظاہرہ، ٹریفک نظام درہم برہم

January 25, 2022

پشاور (وقائع نگار) آل ماربل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی جانب سے بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے اور اوور بلنگ کے خلاف گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ مظاہرین نے صوبائی اسمبلی کے سامنے سڑکوں کے دونوں اطراف کو مکمل طور پر بندکردیا جس کے باعث شہر بھر میں گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ متبادل راستوں پر بھی ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی جس کے باعث شہریوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرناپڑاجبکہ کئی مقامات پر رش میں ایمبولینس کی گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔ احتجاجی مظاہرے میں صوبہ بھر سے بڑی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر احمد شاہ‘ جنرل سیکرٹری ظفر خان کنڈی اور اکبر علی کنڈی کر رہے تھے۔اس دوران مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ان کے حق میں نعرے درج تھے۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹریوں میں کم از کم دس لاکھ ملازمین کام کرتے ہیں اگر فیکٹریز بند کی گئیں تو 4 لاکھ خاندان متاثر ہونگے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے مطالبات فی الفور تسلیم کئے جائیں بصورت دیگر یکم فروری کو تمام کارخانے بند کر کے اسلام آباد ڈی چوک میں احتجاجی دھرنا دیا جائیگا۔آخر میں انہوں نے بجلی کے بل بھی جلائے۔