پاکستان کی ہوابازی کی صنعت میں ایک اور ملکی ایئرلائن کا اضافہ

January 25, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت میں ایک اور ملکی ایئرلائن کا اضافہ ہوگیا، وفاقی کابینہ نے آج نجی شعبے کی ایئرلائن کیو ایئرویز کی منظوری دے دی۔

سی ای او کیو ایئرویز کیپٹن احسن قریشی کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیو ایئرویز جلد ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (آر پی ٹی) لائسنس حاصل کرلے گی۔

احسن قریشی نے کہا کہ کیو ایئر لائن فلائٹ آپریشن کا آغاز 3 ایئر بس 320 طیاروں سے کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ آر پی ٹی لائسنس ملتے ہی 3 سے 4 ماہ میں اندرونِ ملک پروازوں کا آغاز کردیا جائے گا۔

کیپٹن احسن قریشی کے مطابق کیو ایئرویز کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے لیے آپریٹ کرے گی۔

ادھر سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں 3 نجی شعبے میں چلنے والی ایئرلائن اپنا فضائی آپریشن جاری کیے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کیو ایئرلائن کو آر پی ٹی ملنے سے ملک میں نجی شعبے میں چلنے والی ایئرلائنز کی تعداد 4 ہوجائے گی، نئی ایئرلائن کے اضافے سے اندرون ملک مسافروں کو مزید سہولیات میسر ہوں گی۔