ایمیزون اور نیٹ فلکس کا انوشکا شرما کے پروڈکشن ہاؤس کیساتھ معاہدہ

January 26, 2022

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )ایمیزون اور نیٹ فلکس نے تقریباً 4 ارب روپے مالیت کی فلموں اور ویب سیریز کو چلانے کے لیے بھارتی پروڈکشن ہاؤس کلین سلیٹ فلمز کے ساتھ کام کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں واقع کلین سلیٹ فلمز پروڈکشن ہاؤس، نیٹ فلکس اور ایمیزون کے علاوہ آنے والے 18 ماہ میں دیگر ٹاپ اسڑیمنگ ویب سائٹس پر بھی فلمیں اور ویب سیریز ریلیز کرے گا۔یہ بات بولی وُڈ اداکارہ انوشکا شرما کے بھائی اورکلین سلیٹ فلمز کے شریک بانی کرنیش شرما نے بلوم برگ سے بات کرتے ہوئی بتائی۔انہوں نے باقاعدہ اعلان کرنے سے پہلے فلموں کی مکمل فہرست فراہم نہیں کی۔دوسری جانب نیٹ فلکس کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کہ وہ کلین سلیٹ فلمز کے ساتھ آنے والے دنوں میں تین پروڈکشنز پر کام شروع کریں گے، جبکہ ایمیزون نے فی الحال اس حوالے سے تبصرہ نہیں کیا۔یاد رہے کورونا وائرس کی وجہ سے فلموں کی شوٹنگز کو بند کر دیا گیا تھا ۔اس وبائی مرض کی وجہ سے دنیا بھر میں آن لائن تفریح یعنی گھروں میں بیٹھ کر نیٹ فلکس اور ایمیزون جیسے دیگر پلیٹ فارمز پر سیریز اور فلمیں دیکھنے کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ان اقدامات کی وجہ سے اسٹریمنگ ویب سائٹس میں مواد کو محفوظ بنانے کی دوڑ کو مزید تیز کر دیا ہے جس سے کلین سلیٹ فلمز جیسے چھوٹے پلیٹ فارمز کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے،جس نے 2015 میں بھارت میں غیرت کے نام پر قتل کے رواج سے متعلق فیچر فلم این ایچ 10 بنائی تھی، جس میں کرنیش شرما کی بہن انوشکا شرما نے کام کیا تھا۔ گذشتہ ماہ نیٹ فلکس نے بھارتی صارفین کے لیے سبسکرپشن فیس میں 60 فیصد تک کی کمی کی۔کلین سلیٹ فلمز اب نیٹ فلکس پر ’چکدا ایکسپریس‘ ریلیز کرنے کی تیاری کررہی ہے، جس میں انوشکا شرما ایک بھارتی کرکٹر کا کردار ادا کریں گی جو دنیا کے فاسٹ بولرز میں سے ایک سمجھی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ تھرلر سیریز ’مائی‘ اور ڈراما فلم ’قلا‘ پر بھی کام جاری ہے۔