جان لینن کی یادگار اشیاء ڈیجیٹل اثاثوں کی نیلامی کرنیوالی ویب سائٹ پر پیش

January 26, 2022

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیجیٹل اثاثوں کی نیلامی کرنے والی ویب سائٹ نان فنجائی ایبل ٹوکن (این ایف ٹی) پر برطانوی میوزک گروپ دی بیٹلز اور آنجہانی موسیقار جان لینن کی یادگار اشیا کو نیلامی کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔برطانیہ کے مشہور موسیقار جان لینن کے بیٹے جولیان اپنی ذاتی کلیکشن میں موجود موسیقی کے نوادر کو این ایف ٹی پر نیلام کر رہے ہیں۔جولیان کی جانب سے نیلامی کے لیے پیش کی گئی اشیا میں ان کے والد کا سیاہ کیپ بھی شامل ہے جو انہوں نے فلم ہیلپ میں پہنا تھا۔این ایف ٹی پر پیش کی گئی دیگر اشیا میں جان لینن کا فلم میجیکل مسٹری میں پہنا گیا افغان کوٹ اور جولیان کو اپنے والد کی جانب سے تحفے میں ملنے والے تین گبسن گٹار بھی شامل ہیں۔نیلامی میں پال میک کارٹنی کی جانب سے دی بیٹلز کے گانے ہے جوڈ کے لیے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹس بھی شامل ہیں۔گانے کے لیے پال میک کارٹنی کے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹس کے لیے نیلامی کا آغاز 30 ہزار ڈالر سے کیا جائے گا اور توقع ہے کہ یہ اس سے کئی گنا زائد قیمت پر نیلام ہوگا۔این ایف ٹی پر نیلامی سے حاصل ہونے والی ساری رقم جولیان لینن کے فلاحی ادارے وائٹ فیدر فاؤنڈیشن کو عطیہ کی جائے گی، اس آن لائن نیلامی کا آغاز 7 فروری سے ہوگا۔