ارطغرل غازی کے ارتک بے،آئبرک پیکچن کینسر سے انتقال کرگئے

January 26, 2022

انقرہ (این این آئی)سلطنت عثمانیہ پر بننے والی مشہور زمانہ تاریخی تْرک سیریز ʼ ارطغرل غازیʼ میں ʼارتک بےʼ کا کردار ادا کرنے والے تْرک اداکار آئبرک پیکچن 51 برس کی عمر میں کینسر سے طویل جنگ کے بعد انتقال کر گئے۔51 سالہ تْرک اداکار آئبرک پیکچن پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے، آئبرک پیکچن کو ان کے آبائی گاؤں مرسیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔آئبرک پیکچن کے انتقال کی اطلاع ʼارطغرل غازیʼ کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مہمت بوزداغ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے دی۔انہوں نے لکھا کہ ہمارے پیارے آئبرک پیکچن، جنہوں نے ارطغرل غازی میں اپنی جاندار اداکاری کا لوہا منوایا، کا انتقال ہوگیا۔ میں اللہ سے اپنے بھائی کے لیے رحم کی دعا کرتا ہوں اور خاندان اور مداحوں کے لیے صبر کی خواہش کرتا ہوں۔آئبرک پیکچن 22 مئی 1970 کو پیدا ہوئے اور 2001میں انہوں نے بطور اداکار اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ آئبرک نے بیشمار پروجیکٹس کیے لیکن ʼارطغرل غازیʼ میں ʼارتک بےʼ کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔ ʼ2010 میں فلم Saç پر انہیں نیشنل اور انٹرنیشنل فلم فیسٹولز میں ایوارڈ بھی ملے ۔ انہیں2012کی ایک فلم میں انقرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔اکتوبر 2021 میں انہوں نے سوشل میڈیا پر کینسر میں مبتلا کی تشخیص کی اطلاع مداحوں کو دی تھی۔