کورونا، بولی وڈ فلم انڈسٹری کو 2 کھرب 10 ارب بھارتی روپے کا نقصان

January 26, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وبا کے دوران پچھلے 2 سال سے بولی وڈ فلم انڈسٹری کی کمائی میں 80 فیصد کی مسلسل کمی واقع ہوئی اور اسے 21 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔اسی لیے فروری میں آنے والے عام بجٹ میں فلم انڈسٹری کے لیے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جس میں ٹیکس میں چھوٹ، مراعات اور ٹکٹوں پر جی ایس ٹی میں کمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ2 سال میں فلم انڈسٹری کو تقریباً 21 ہزار کروڑ یعنی 2 کھرب 10 ارب بھارتی روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس میں سب سے زیادہ نقصان تھیٹرز کو ہوا ہے۔ فلم کی ریلیز کے بعد باکس آفس کی کمائی میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی جب کہ بیرون ملک سے کمائی بھی کم ہوگئی۔ ٹی وی رائٹس سے ہونے والی کمائی بھی 10 فیصد کے لگ بھگ رہی ہے کیونکہ نئی فلمیں ریلیز نہیں ہو رہی ہیں۔جبکہ او ٹی ٹی سے ہونے والی آمدنی میں تقریباً 1600 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے لیکن یہ صنعت کے نقصانات کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 2019 میں جب کورونا نہیں تھا تو باکس آفس کلیکشن 115.2 ارب روپے ہوئی تھی لیکن 2020 میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے صرف 24.9 ارب روپے کمائی ہو سکی یعنی 80 فیصد کا نقصان ہوا۔ یہی رجحان 2021 میں بھی جاری رہا۔2019 میں بیرون ملک سے بھارتی فلم انڈسٹری نے 27 ارب روپے کمائے جو کہ 2020 میں کم ہو کر صرف 3.1 ارب روپے رہ گئے۔2019میں، انڈسٹری نے ٹی وی نشریاتی حقوق نے 22.1ارب روپے کمائے، جو 2020 میں کم ہو کر صرف 7.1ارب روپے رہ گئے۔بھارتی فلم انڈسٹری میں 2020میں، صرف ایک چیز مثبت تھی کہ او ٹی ٹی (نیٹ فلکس، ایمازون وغیرہ) حقوق سے ہونے والی آمدنی میں اضافہ ہوا۔2019میں یہ19ارب روپے تھی جو 2020 میں بڑھ کر 35.4 ارب روپے ہو گئی۔