بھارتی جمہوریہ، کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے، وادی چھاؤنی میں تبدیل، فورسز پر بم حملہ، 3 افراد زخمی

January 26, 2022

سرینگر (ایجنسیاں) بھارت کے یو م جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں نافذ کر کے وادی کشمیر اور جموں کے متعدد حصوں کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیاگیا ہے ادھر سرینگر کے علاقے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں نامعلوم حملہ آوروں نے بھارتی فورسز پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے ایک خاتون سمیت 3افراد زخمی ہوگئے،سرینگر اور اطراف میں چوکیاں قائم، کرکٹ سٹیڈیم کو جانیوالی سڑکوں کی ناکہ بندی کرکے بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کردیئے گئے ہیں،کشمیری آج دنیا بھر میں بھارت مخالف مظاہرے کریں گے۔تفصیلات کے مطابق کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج (بدھ کو ) بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپرمنائیں گے دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے جار ی غیر قانونی قبضے کیطرف مبذول کرائی جائے گی،یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے دی ہے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر تمام رہنمائوں نے اس کی حمایت کی ہے اس روزمقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی جبکہ آزاد کشمیر ، پاکستان اورمختلف ممالک کے دارلحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں کو مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ پوسٹروں کے ذریعے کشمیری عوام سے بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقاریب کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے گھروں ، دکانوں اور دیگر عمارتوں پر سیاہ جھنڈے لہرانے کی اپیل کی گئی ہے۔