حسنین شاہ کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینگے، پی ایف یو جے، کے یو جے

January 26, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر جی ایم جمالی نے کہا ہے کہ ہم پنجاب اور وفاقی حکومت کو مہلت دیتے ہیں کہ حسنین شاہ کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ورنہ ہم پارلیمنٹ ہائوس کے باہر دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔کراچی یونین آ ف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد نے استفسار کیا کہ آ خر لاہور کے ریڈ زون میں حسنین شاہ کے قاتل فائرنگ کرکے کس طرح با آ سانی فرار ہوگئے؟ وہ منگل کو یہاں پی ایف یو جے کی ملک گیر احتجاج کی اپیل پر کراچی یونین آ ف جرنلسٹس (کے یو جے) کے تحت کراچی پریس کلب کے سامنے ہوئے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے، جس سے کے یو جے کے جنرل سیکرٹری عاجز جمالی، سابق صدر حسن عباس، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اکرم بلوچ، پاکستان ایسو سی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز (پیپ) کے صدر جمیل احمد، سندھ اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (سجاس) کے جنرل سیکرٹری اصغر عظیم، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی رہنما مہناز رحمان اور دیگر نے خطاب کیا۔