ڈی ایچ او نوشہروفیروز نے سیکرٹری صحت کے اختیارات استعمال کر ڈالے

January 26, 2022

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ کی جانب سے عدالتی احکامات کے خلاف حال ہی میں تعینات کیے گئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نوشہروفیروز نے سیکریٹری صحت سندھ کے اختیارات استعمال کر ڈالے، 20گریڈ کے ایم ایس کی تعیناتی کا حکم جاری کردیا ۔ ڈاکٹر اسداللہ کلہوڑو نےاپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے 19 گریڈ کے ڈاکٹر محمد یاسین بلال کو تعلقہ اسپتال مورو کا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔ پیر کو انہوں نے یہ آفس آڈر جاری کیا جس کے مطابق 19گریڈ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد یاسین بلال کو حکم دیا جاتا ہے کہ وہ اس وقت تک تعلقہ اسپتال مورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی حیثیت سے روزمرہ امور سرانجام دیں جب تک مستقل ایم ایس تعینات نہیں کر دیا جاتا۔ واضح رہے کہ یہ اختیار صرف چیف سیکریٹری یا سیکریٹری صحت کو حاصل ہے کہ کسی ڈاکٹر کو اسپتال کا ایم ایس تعینات کریں ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے 19 گریڈ کے ڈاکٹر اسداللہ کلہوڑو کو عدالتی احکامات کے خلاف تین ہفتے قبل 5 جنوری کو 20 گریڈ کی اسامی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پر تعینات کیا گیا جس کے بعد انہوں نے 20 گریڈ کے ایم ایس کے عہدے پر 19گریڈ کے افسر کو تعینات کر دیا۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ او نوشہروفیروز ڈاکٹر اسداللہ کلہوڑو کا کہنا تھا کہ میڈیکل سپرنٹنڈٹ کی پوسٹ خالی تھی جس کے لئے وہ یہ حکم نامہ جاری کر سکتے ہیں ۔ جب ان سے استفسار کیا گیا کہ یہ تو آپ کا اختیار نہیں تو انہوں نے کہا کہ اس کا پروپوزل محکمہ صحت کو بھیج دیا ہے حالانکہ انہوں نے واضح آفس آڈر جاری کیا جس میں ڈاکٹر محمد یاسین بلال کے لئے حکم کے الفاظ استعمال ہیں۔