عمران خان کو بحرین کے ولی عہد کا فون‘ لاہور دہشتگردی کی مذمت

January 26, 2022

اسلام آباد(اے پی پی)وزیرِ اعظم عمران خان آج بدھ کو اسلام آباد میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجراء کریں گے۔صحت کارڈ کے ذریعے اسلام آباد، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان اور تھر پارکر کے تمام گھرانوں کو 10 لاکھ تک صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ دریں اثناء بحرین کے ولی عہدووزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نےعمران خان سے فون پر لاہور میں دہشت گردحملے کی مذمت کی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے سری لنکا کے وزیر تجارت ڈاکٹر بندولا گناوردھنا اور ریاستی وزیربرائے علاقائی تعاون تھراکا بالاسوریانے ملاقات کی ۔اس موقع پر عمران خان نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سری لنکا آذادانہ تجارتی معاہدہ(ایف ٹی اے) کو بروئے کار لاتے ہوئے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔