مری میں درختوں اور پہاڑوں کی کٹائی پر پابندی عائد

January 26, 2022


لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے مری، کہوٹہ، کوٹلی ستیاں میں درختوں اور پہاڑوں کی کٹائی پر پابندی لگا دی ۔

جسٹس جواد حسن نے لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں شہری کی درخواست پر سماعت کی اور ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل نقی خان کو مری کا سیٹیلائٹ امیج بنا کر پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسر علی توقیر شیخ بتائیں درختوں، پہاڑوں کی کٹائی روکنے کے لیے کیا کیا، عدالت نے پوچھا کہ بتایا جائے پہاڑوں سے متعلق قانون سازی کی کوئی کوشش ہوئی؟

ہائیکورٹ نے حکم امتناع پر آئندہ سماعت تک فوری عمل درآمد کی ہدایت کردی اور انوائرمنٹ پروٹیکشن، جنگلات، جنگلی حیات اور فشریز پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری کو طلب کرلیا۔

عدالت نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سینئر افسر کو بھی آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے تمام احکامات پر 31 جنوری تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی۔