پاکستان واپس آنے کی فرمائش پر جمائما کا جواب

January 26, 2022

جمائما نے پاکستانی آنے کی فرمائش پر جواب دے دیا

وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور برطانوی پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستانی صارف کے پاکستان آنے کی فرمائش پر جواب دے دیا۔

جمائما نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر آن لائن گیم ’ورڈلی‘ کا ٹوئٹ کیا، جس پر ایک پاکستانی صارف نے ان سے گزارش کی کہ وہ پاکستان واپس آجائیں کیونکہ عمران خان اپنے بےوقوف دوستوں میں پھنس چکے ہیں۔

پاکستانی صارف کے اس ٹوئٹ کے جواب میں ایک اور صارف نے کہا کہ ورڈلی گیم والوں نے ایسا کبھی نہیں سوچا ہوگا، کہ ان کی گیم پوسٹ پر ایسا کمنٹ آسکتا ہے۔

دونوں صارفین کے تبصروں کا اسکرین شاٹ جمائما نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور کہا کہ میری باقی کی پوری زندگی میں ایسے ہی کمنٹ آئیں گے۔

اسی ٹوئٹ پر جمائما نے لال دل ایموجی کے ساتھ’پاکستان زندہ باد‘ بھی لکھا۔

خیال رہے کہ جمائما اپنے دلچسپ ٹوئٹس کے باعث آئے روز پاکستان میں خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں، یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ انہیں خبروں میں رہنے کا فن خوب آتا ہے۔

جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی، جمائما نے عمران خان کے ساتھ 1995 سے 2004 تک 9 سال لاہور میں گزارے۔

جمائما اور عمران خان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، جو اس وقت لندن میں زیر تعلیم ہیں اور اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کے ہمراہ رہتے ہیں۔