موناکو کی شہزادی شارلٹ کی فیشن شو میں گھوڑے پر سوار ہوکر انٹری

January 27, 2022

پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے چھوٹے اور امیر ترین ممالک میں سے ایک یورپی ملک موناکو کی شہزادی نے پیرس میں ہونے والے فیشن شو کی اسٹیج پر گھوڑے پر سوار ہوکر نیا اسٹائل متعارف کرادیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرس میں ہونے والے معروف فیشن برانڈ ’چینلز’ کے خصوصی ملبوسات کے شو کے دوران موناکو کی 35 سالہ شہزادی شارلٹ کاسی راگی گھوڑے پر سوار ہوکر سامنے آئیں۔فیشن ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ شو کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نت نئے اور خصوصی لباسوں کو متعارف کرائے جانے کے شو کا آغاز ہی موناکو کی شہزادی شارلٹ کاسی راگی کی انٹری سے ہوتا ہے۔ شہزادی کو سیاہ لباس میں گھوڑے پر اسٹیج پر گھڑ سواری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ موناکو کی شہزادہ ابتدائی طور پر گھوڑے کو آرام سے پورے اسٹیج پر کیٹ واک کرواتی ہیں اور آخر میں تیزی سے انہیں دوڑاتی ہوئی اسٹیج سے باہر چلی جاتی ہیں۔موناکو کی شہزادی کی گھڑ سواری کے بعد ہی باقی ماڈلز نے نت نئے، دیدہ زیب اور خصوصی ملبوسات کو پیش کیا۔موناکو کی شہزادی شارلٹ کاسی راگی نہ صرف ماڈلنگ کرتی ہیں بلکہ وہ اداکارہ بھی ہیں، ساتھ ہی وہ شاعری بھی کرتے ہیں جب کہ وہ موسیقی میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔شارلٹ کاسی راگی کی دادی بھی اداکارہ تھیں۔شہزادی شارلٹ کاسی راگی کو اپنے بولڈ اور رومانوی مزاج کی وجہ سے بھی کافی شہرت حاصل ہے، انہوں نے دو شادیاں کیں اور انہیں دونوں شوہروں سے ایک ایک بیٹا بھی ہے۔شارلٹ کاسی راگی بادشاہت کے حوالے سے موناکو کے شاہی خاندان میں گیارہویں نمبر پر ہیں۔شہزادی شارلٹ کاسی راگی فرانسیسی فیشن ہاؤس ’چینلز’ کی حال ہی میں برانڈ ایمبیسیڈر بھی مقرر ہوئی ہیں۔