جماعت اسلامی کا 6 فروری سے ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان

January 27, 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی نے 6 فروری سے ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ مارچ میں حکومت کے خلاف اسلام آباد میں فیصلہ کن دھرنا دیں گےجوحکومت کے ہوش اڑانے کیلئے کافی ہوگا۔ پاکستان میں سیاسی پارٹیوں کی بجائے 40چوروں کی حکومت ہوتی ہے، جونادیدہ اشاروں پرہربارنیا علی بابا منتخب کرکے قوم پرمسلط کرتے ہیں،جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل اور ظالمانہ نظام کے خلاف 101احتجاجی دھرنے دیگی۔ 6فروری سے تحصیل،صوبائی وقومی حلقوں اور ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی دھرنوں کاآغازہوجائے گا، جس کی پلاننگ کرلی گئی۔ عمران خان سے حکومت نہیں چل پارہی، وہ عوام کی جان چھوڑ دیں۔ا ن خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے صوبائی اجلاس کے بعد سیدمودودی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر صوبہ ڈاکٹرطارق سلیم،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمد،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،قاضی محمدجمیل، مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹرایس اے شمسی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان،امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی سمیت دیگرذمہ داران بھی موجود تھے۔