خریداری نہ ہونیکی وجہ سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قلت

January 27, 2022

اسلام آباد (تنویر ہاشمی ) تین ماہ سے وینڈرز سے خریداری نہ ہونے کے باعث ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی ، خوردنی تیل، چینی ، دالیں ، آٹا ، باسمتی چاول سمیت اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہو گئی ہے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء دستیاب نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہےجبکہ آئندہ رمضان المبارک کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز نے خریداری کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، اس لیے خدشہ ہے کہ اپریل میں رمضان المبارک میں یوٹیلٹی اسٹورز سے شہریوں کو سستے داموں اشیائے خوردونوش دستیاب نہیں ہو نگی ، شہریوں نے بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر سستے داموں تو درکنار اشیا ئے خورد نوش ہی موجود نہیں ، گزشتہ دنوں 40ہزار میٹرک ٹن چینی خریدی کی گئی تھی بعض ا سٹور زپر وہ چینی دستیاب ہے لیکن اکثر یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی دستیاب نہیں ہے، یوٹیلٹی سٹورز ذرائع نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کےلیے گزشتہ تین ماہ سے اشیائے خوردنوش کی وینڈرز سے کوئی پروکیورمنٹ نہیں کی گئی جس کے باعث اسٹورز پر اشیاء دستیاب نہیں ہیں ، وزارت صنعت وپیداوار نے یوٹیلٹی سٹور ز کو گزشتہ تین ماہ سے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کی اجازت نہیں دی جبکہ وینڈرز اور کمپنیوں نے بھی ریٹ بڑھا دیئے ہیں اس لیے کمپنیاں پرانے ریٹ پر یوٹیلٹی سٹورز کو اشیا ءکی فراہمی نہیں کر رہیں۔